بھارتی اداکارہ کا سلمان خان کے ساتھ تعلقات کااعتراف
سلمان خان اور میری شادی کی خبریں سچ تھیں: سنگیتا بجلانی انکشاف
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور ماڈل سنگیتا بجلانی نے حالیہ دنوں سلمان خان کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات پر پہلی بار کھل کر بات کی۔ یہ انکشاف انڈین آئیڈل 15 کے دوران ہوا، جہاں سنگیتا بطور مہمان شریک تھیں۔
شو کے دوران سلمان خان کے ساتھ ان کے ماضی کے تعلقات پر سوال کیا گیا، جس پر سنگیتا نے بغیر جھجک کہا، ’’ہاں، یہ سچ ہے۔‘‘
سنگیتا کے اس اعتراف نے برسوں سے گردش کرنے والی افواہوں کو حقیقت کا رنگ دے دیا۔ 1989 میں سنگیتا اور سلمان ایک سنجیدہ رشتے میں تھے، اور ان کی شادی کی خبریں ماضی میں میڈیا کی زینت بھی رہ چکی ہیں۔
اگرچہ ان کا یہ رشتہ شادی میں تبدیل نہ ہو سکا، لیکن سنگیتا نے بتایا کہ اس تعلق نے ان کی ذاتی زندگی میں مثبت تبدیلیاں کیں، اور وہ اس تجربے کے بعد مزید مضبوط ہو گئیں۔
سنگیتا کے ان انکشافات نے ان کے مداحوں کو بے حد متاثر کیا۔ ان کی ایمانداری اور حقیقت پسندی کو خوب سراہا جا رہا ہے، اور ان کے جذباتی انداز نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ بالی ووڈ کے چاہنے والوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔