مشکل دنوں میں شاہ رخ خان نے میرا ہاتھ تھاما: بھارتی اداکارہ
شاہ رخ خان ان کے لیے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوئے، ہمانی شیوی پوری
بھارتی اداکارہ ہمانی شیوی پوری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ مشکل دنوں میں شاہ رخ خان نے میرا ہاتھ تھاما۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہمانی شیوی پوری نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے سب سے کٹھن وقت اور شاہ رخ خان کی جانب سے ملنے والی بے لوث حمایت پر تفصیل سے بات کی۔
انہوں نے اپنے شوہر کے انتقال کے بعد کے مشکل دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان ان کے لیے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوئے۔
ہمانی شیوی پوری نے ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کے شوہر کے انتقال کا وقت ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ مرحلہ تھا۔ ان دنوں وہ تنہائی اور صدمے کا شکار تھیں، اور ایسے میں شاہ رخ خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
ہمانی نے بتایا، "شاہ رخ خان نے اس وقت میرا ہاتھ تھاما جب میں بالکل اکیلی تھی۔ وہ میرے لیے ایک مضبوط سہارا بنے، اور ان کے تعاون نے مجھے مشکل وقت سے نکلنے میں مدد دی۔”
اپنے چار دہائیوں پر مشتمل فلمی کیریئر پر بات کرتے ہوئے ہمانی نے کہا کہ ان کی زندگی میں جہاں کامیابیاں اور خوشیاں آئیں، وہیں ذاتی جدوجہد نے بھی ان کے حوصلے کو آزمایا۔
انہوں نے مزید کہا، "ہر چیلنج نے مجھے نئی چیزیں سکھائیں۔ میرا سفر جدوجہد، سیکھنے، اور ان لوگوں کے تعاون سے بھرا ہوا ہے جنہوں نے مجھے مشکل وقت میں سہارا دیا۔”
ہمانی شیوی پوری کے ان جذباتی انکشافات نے ان کے مداحوں کو دل کی گہرائیوں سے متاثر کیا ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی انسان دوستی اور ان کے ہمدردانہ رویے کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔