میرے گارڈ نے کپل شرما کو تھپڑ مارا، کےآر کے کا دعویٰ
کپل شرما اور کے آر کے کے درمیان تنازعے کی نئی کہانی
فلمی ناقد، اداکار، اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کمال راشد خان، المعروف کے آر کے نے ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سیکیورٹی گارڈ نے معروف کامیڈین کپل شرما کو تھپڑ مارا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، گلوکار میکا سنگھ نے حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ کپل شرما نے کے آر کے کے گھر پر ہنگامہ کیا تھا۔
اسی حوالے سے کے آر کے نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے اس واقعے کی تفصیلات بتائیں۔
کے آر کے نے کہا، "میکا سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وہ اور کپل میرے ممبئی والے گھر آئے اور بدتمیزی کی، آپ سب اس واقعے کو گوگل کر سکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دونوں اُس رات نشے میں تھے۔ وہ میرے گھر کے نیچے آئے اور سیکیورٹی گارڈ سے اصرار کیا کہ وہ مجھ سے ملنا چاہتے ہیں، لیکن گارڈ نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔”
انہوں نے مزید کہا، "جب انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں ملی تو وہ میرے گھر کے نیچے تصویریں کھینچنے لگے اور اصرار کرتے رہے کہ مجھ سے ملاقات کریں۔ دونوں نشے میں تھے اور جانے سے انکار کر رہے تھے، اس لیے میرے گارڈز کو انہیں تھپڑ مار کر وہاں سے نکالنا پڑا۔ اس کے بعد کپل نے رات میں کچھ ٹویٹس کیے جن کا میں نے صبح ردعمل دیا۔”
کے آر کے کا کہنا تھا کہ، "میکا اور میں پڑوسی ہیں، اگلے دن میں ان کے گھر گیا اور انہیں وارننگ دی کہ آئندہ ایسا نہ کریں۔ بعد میں میکا نے معذرت کی۔”
دوسری جانب، میکا سنگھ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کے آر کے دبئی میں ان کے پڑوسی ہیں اور یہ واقعہ 2012-13 کے آس پاس کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپل شرما کے آر کے سے اس قدر ناراض تھے کہ انہوں نے ان کے گھر جا کر ہنگامہ کرنے کی کوشش کی۔
میکا سنگھ نے مزید کہا، "میں نے کپل سے درخواست کی کہ وہ ایسا نہ کریں، لیکن ہم رات 4 یا 5 بجے کے آر کے کے گھر گئے۔ وہ گھر پر موجود نہیں تھے، صرف ان کا ایک اسٹاف ممبر باہر آیا۔ کپل نے غصے میں ان کے گھر کے شیشے توڑ دیے اور ہنگامہ کیا۔”
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کے آر کے اور کپل شرما کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔