کوہاٹ میں کرم معاملے پر فریقین کا امن معاہدے پر دستخط
کوہاٹ میں ضلع کرم کی موجودہ صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ اختتام پذیر ہوگیا
پشاور: کرم کے مسئلے کے حل کے لیے کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
کوہاٹ میں ضلع کرم کی موجودہ صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ اختتام پذیر ہوگیا ہے، جس کے دوران فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے میں فریقین نے 14 نکات پر اتفاق کیا ہے۔
جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امن معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں اور ہر فریق کی جانب سے 45 افراد نے دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے مطابق، دونوں فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مورچے ختم کر کے اسلحہ جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اذان علی نے اسکواش کی تاریخ رقم کردی
جرگہ رکن نے مزید بتایا کہ راستوں کو کھولنے اور قیامِ امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا، اور امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
اس معاہدے کے تحت، نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔