پاکستان
ٹرینڈنگ

اُڑان پاکستان پروگرام معیشت کو مستحکم کرے گا، وزیراعظم

ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے ، شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان پروگرام معیشت کو مستحکم کرے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف اور موجودہ کارکردگی میں نمایاں فرق ہے، جبکہ ملک کی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "اڑان پاکستان” جیسے پروگرام ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دسمبر کے مہینے میں مقررہ اہداف حاصل کیے گئے ہیں اور اب ہمیں معیشت کے گروتھ سیکٹر کو ٹیک آف کروا کر آگے بڑھانا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کا دار و مدار برآمدات پر ہے اور اس میں بہتری کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹرایکشن کا آغاز ہو چکا ہے، جس سے کاروباری طبقے کو ریلیف ملا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تیل کی اسمگلنگ میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے خلاف بیان دینے والے پاکستان کے لیے فکر مند نہیں، بلاول بھٹو زرداری

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 مہینوں کے دوران ترسیلات زر تقریباً 15 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ اگر یہی کارکردگی برقرار رہی تو سالانہ ترسیلات زر 35 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 9 مہینوں میں حاصل کی گئی کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں نے اپنے خون سے ملک کا مستقبل محفوظ بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے انسانی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button