مدارس رجسٹریشن : صدر نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیے
صدر کے دستخط کے ساتھ ہی یہ بل قانون کی شکل اختیار کر گیا ہے
اسلام آباد:دینی مدارس رجسٹریشن سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیے ہیں۔
صدر کے دستخط کے ساتھ ہی یہ بل قانون کی شکل اختیار کر گیا ہے، جبکہ قومی اسمبلی جلد اس قانون کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔
نئے قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے تحت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ نے مولانا فضل الرحمان کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے اجراء کی منظوری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا پہلا سپر ڈیم، چین کا نیا ریکارڈ ساز منصوبہ
گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد نے لاڑکانہ میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور مدارس رجسٹریشن بل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آصف علی زرداری نے جے یو آئی (ف) کے تحفظات کو دور کرنے اور معاملے کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ 12 دسمبر کو جے یو آئی (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالواسع نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے مدارس بل کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد میں احتجاج کی دھمکی دی تھی۔
اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے 20 دسمبر کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور انہیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔