پاکستان

ملک کے خلاف بیان دینے والے پاکستان کے لیے فکر مند نہیں، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان صرف ایک بہانہ ہیں، اصل نشانہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

گڑھی خدا بخش: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، وہ دراصل اس ملک کی بہتری کے بارے میں فکر مند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف ایک بہانہ ہیں، دراصل ان کا نشانہ پاکستان کا میزائل پروگرام ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بعض سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثاثوں پر سودے بازی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بی بی شہید نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی اور وہ ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے قاتلوں کی غلط فہمی تھی کہ ان کی غیر موجودگی میں ملک کی تمام حقیقی آوازیں ہمیشہ کے لیے دب جائیں گی اور صرف سیاسی کٹھ پتلیاں باقی رہیں گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان آج ایک سنگین دوراہے پر کھڑا ہے اور ملک کو داخلی و خارجی مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو بچا لیا، عمران خان کا اعتراف

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ "سیلکٹڈ” ہے اور نہ "فارم 47 والی”۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف عوام کی خدمت اور اپنے جیالوں کے جوابدہ ہے، نہ کہ کسی حکومت یا اقتدار کے لئے۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس یکطرفہ فیصلے کرنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فیصلے پارلیمنٹ کی مشاورت سے کرنے چاہئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی پر کسی بھی قسم کی سودے بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے مخالفین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے ایٹمی پروگرام کو میلی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہ ہر حال میں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے ایٹمی اثاثوں کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button