آسٹریلوی ہائی کمشنر کی مدارس کے طلبہ کو جدید تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش
وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین کے ساتھ ملاقات
آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان میں مدارس کے طلبہ کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔ وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین کے ساتھ ملاقات میں نیل ہاکنز نے کہا کہ پاکستان میں 18 ہزار سے زائد مدارس وزارت تعلیم کے تحت رجسٹرڈ ہیں، اور ان طلبہ کو جدید تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ہائی کمشنر نے معاشرے میں محبت، مساوات، رواداری اور برداشت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی کلید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نفرت اور عدم برداشت تشدد اور انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات ہیں جنہیں ختم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے آسٹریلیا میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کا عزم ظاہر کیا اور یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کیلئے شرط نہیں مطالبات پیش کئے ہیں، بیرسٹر گوہر
دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں بڑھتی مذہبی عدم برداشت، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے تحت تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں اور حکومت مدارس کی اصلاحات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والوں کو جدید مہارتیں فراہم کرنے کے لیے ایک منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔