کھیل
ٹرینڈنگ

چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاک بھارت میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا اعلان

تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے، چیئرمین پی سی بی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 سمیت 2027 تک تمام ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ 2028 میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی اسی ماڈل کے تحت پاکستان میں منعقد ہوگا۔

کھیلوں کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت کی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں اتفاق رائے کے بعد ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا، جس کے تحت بھارت کے میچز پاکستان سے باہر کسی نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق 2027 تک ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے مطابق منعقد ہوں گے۔ اس دوران پاکستان بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارت میں ہونے والے تمام میچز میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر رکھے جائیں گے۔

آئی سی سی نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ پاکستان میں ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق، نیوٹرل وینیو کی تجویز میزبان ملک کی جانب سے پیش کی جائے گی، تاہم اسے آئی سی سی کی منظوری درکار ہوگی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی اور 2027 تک کے آئی سی سی ایونٹس کے حوالے سے تمام معاملات بورڈ کے دیگر ممبرز کے ساتھ تحریری معاہدے کے تحت طے کیے جائیں گے، اور اگر اس معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو اس کا بھی جواب دیا جائے گا۔

پس منظر کے طور پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2008 کے ایشیا کپ کے بعد بھارت نے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، اور دونوں ممالک کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012-13 میں بھارت میں ہوئی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں، کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان دفاعی چیمپئن کے طور پر شرکت کرے گا، کیونکہ 2017 میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button