ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی
اسکردو کا درجہ حرارت منفی 7 تک گر گیا، سردی نے ریکارڈ توڑ دیے
ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے آج کے موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں سردی کا راج برقرار رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سخت سردی کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق شام یا رات کے اوقات میں بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں قابلِ ذکر کمی دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلگت میں منفی 6 اور استور، ہنزہ اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
دیگر شہروں میں بھی درجہ حرارت کی صورتحال سردی کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔ اسلام آباد میں صفر، پشاور اور مظفرآباد میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور، سرگودھا، موہن جودڑو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 5 ڈگری رہا، جبکہ ملتان، بہاولپور اور سکھر میں یہ 6 ڈگری تک پہنچا۔ کراچی میں نسبتاً کم سردی دیکھی گئی جہاں درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔