حکومت سے مذاکرات کے لیے رکھی گئی شرائط ناقابل فہم ہیں، رانا تنویر
حکومت کسانوں کے لیے کوشاں، پی ٹی آئی کی پالیسیاں زراعت کے لیے نقصان دہ قرار، وفاقی وزیر
شیخوپورہ: وفاقی وزیر برائے صنعتی پیداوار اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کے لیے رکھی گئی شرائط ناقابل فہم ہیں۔
شیخوپورہ میں واٹر فلٹریشن اسکیم کے افتتاح کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی شرائط پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے اور ان کی سول نافرمانی کی تحریک میں عوام کی حمایت ملنا مشکل ہے۔
رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہر اقدام کے پیچھے ان کے بانی کا ہاتھ ہوتا ہے، اسی لیے تمام ذمہ داری بھی ان پر عائد ہوتی ہے۔ رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے اور امید ہے کہ قانون کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کسان ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کی کسان دشمن پالیسیوں نے زراعت کو نقصان پہنچایا۔ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور پنجاب حکومت کسانوں کو ٹریکٹرز کی فراہمی پر 10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے رہی ہے۔