لاہور عدالت کا بڑا فیصلہ: پی ٹی آئی کے 8 رہنما اشتہاری قرار
میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی و دیگر شامل
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی کے نمایاں رہنماؤں، جن میں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبدالصمد اور واثق قیوم شامل ہیں، کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ یہ افراد گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو چکے ہیں اور متعدد کوششوں کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج کے دوران کئی فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو آگ لگا دی گئی تھی۔ ان مظاہروں کے دوران لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر دھاوا بولا گیا، راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا گیا، جب کہ سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے۔ مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے۔