تھائی لینڈ کا بڑا اقدام، پاکستانیوں کیلئے نئی ویزا سہولت متعارف کرادی
ای ویزہ سروس، یہ نئی سروس یکم جنوری 2025 کو صبح 10 بجے سے فعال ہوگی
اسلام آباد: تھائی لینڈ نے پاکستان اور افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کے لیے جدید ای ویزا سہولت متعارف کرا دی۔
رپورٹس کے مطابق یہ نئی سروس یکم جنوری 2025 کو صبح 10 بجے سے فعال ہوگی۔ اب پاکستان اور افغانستان میں تھائی ویزا کے خواہشمند غیر ملکی افراد ایک نئے آن لائن ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔ درخواست دینے کے لیے انہیں متعلقہ ویب سائٹ پر وزٹ کرنا ہوگا۔
ای ویزا کی درخواست کامیابی سے منظور ہونے کے بعد، درخواست دہندگان کو ایک تصدیقی ای میل موصول ہوگی۔ اس ای میل کی پرنٹ شدہ کاپی کو روانگی کے وقت ایئر لائن حکام اور تھائی لینڈ پہنچنے پر امیگریشن حکام کو پیش کرنا ہوگا۔
تھائی لینڈ کا سفارت خانہ 24 دسمبر 2024 تک روایتی طریقے سے ذاتی طور پر ویزا درخواستیں قبول کرتا رہے گا۔ مزید معلومات یا وضاحت کے لیے، درخواست دہندگان قونصلر ٹیم سے ای میل (consular.isb@mfa.go.th) کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ اقدام تھائی لینڈ کی جانب سے پاکستان اور افغانستان میں ویزا کے عمل کو ڈیجیٹل اور موثر بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، تاکہ مسافروں کو جدید قونصلر خدمات فراہم کی جاسکیں۔