ایلون مسک 4 سو ارب ڈالر کے مالک بننے والے دنیا کے پہلے شخص بن گئے
حالیہ دنوں میں اسپیس ایکس کے حصص کی خریداری سے ایلون مسک کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا
ایلون مسک 4 سو ارب ڈالر کے مالک بننے والے دنیا کے پہلے شخص بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کے بانی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک دنیا کے پہلے فرد بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت 400 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے نے بلومبرگ بلینئر انڈیکس کے حوالے سے بتایا کہ حالیہ دنوں میں اسپیس ایکس کے حصص کی خریداری سے ایلون مسک کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس لین دین کے نتیجے میں ایلون مسک کی دولت میں تقریباً 50 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اسپیس ایکس کی کل مالیت 350 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس پیش رفت نے اسپیس ایکس کو دنیا کی سب سے زیادہ قیمتی نجی کمپنی کے طور پر مزید مستحکم کر دیا ہے۔
اسپیس ایکس کے ساتھ ساتھ ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا، جس سے ایلون مسک کی مجموعی دولت 447 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ ٹیسلا کے شیئرز کی مالیت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 415 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں تقریباً 65 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ممکنہ ریگولیٹری تبدیلیوں، بغیر ڈرائیور گاڑیوں کے لیے سازگار قواعد، اور ٹیکس پالیسیوں میں نرمی کی توقعات نے ٹیسلا کے شیئرز کی قیمتوں کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک اور دیگر سرمایہ کاروں نے 1.25 ارب ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے ہیں۔
ایلون مسک کی دولت صرف اسپیس ایکس اور ٹیسلا تک محدود نہیں بلکہ ان کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’ایکس اے آئی‘ کی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں قائم ہونے والی یہ کمپنی اپنی مجموعی مالیت کو دوگنا کرتے ہوئے 50 ارب ڈالر تک لے گئی ہے۔