9 مئی کے ذمہ دار آج دھول بٹھانے کی باتیں کررہے ہیں، عطاء تارڑ
تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات کے دوران گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کی ذمہ دار پوری پی ٹی آئی قیادت ہے، اور اب وہ دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے ایک بیان میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات کے دوران گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر گولی چل گئی تو اس کے ثبوت کیوں نہیں سامنے لاتے؟ کیوں موقع سے بھاگے؟ وہ بہانے کیوں بنا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو دھول اڑی تھی، آج وہی لوگ دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ 26 نومبر کو بھی غلیلوں، بنٹوں، پتھروں، اور آتشیں اسلحے سے لیس شرپسندوں نے وفاق پر چڑھائی کی تھی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو شہید اور زخمی کیا گیا، ان نقصان کا مداوا کون کرے گا؟ شہید جوانوں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں، اور اگر تحریک انصاف کے پاس کارکنوں کی ہلاکت کے کوئی ثبوت ہیں تو انہیں سامنے لائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرتشدد سیاست اور احتجاج پی ٹی آئی کا معمول ہے۔ انہیں اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کے جوابات دینا ہوں گے، الزامات لگا کر ان سے منہ نہیں پھیرا جا سکتا۔ سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں اور تحریک انصاف کی پوری قیادت اس میں ملوث ہے۔