ٹی 20 انٹرنیشنلز میں شاہین شاہ آفریدی نے 100 وکٹیں مکمل کر لیں
یہ اعزاز انہوں نے ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران حاصل کیا
پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔ یہ اعزاز انہوں نے ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 184 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے۔ شاہین نے اپنی شاندار باؤلنگ سے جنوبی افریقی بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کیا اور اس اہم میچ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔
شاہین شاہ آفریدی مینز ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی ہیں۔ ان سے قبل یہ کارنامہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور لیگ اسپنر شاداب خان نے انجام دیا تھا۔
مزید برآں، شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20) میں 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں شاہین کے کھاتے میں 112 اور ٹیسٹ کرکٹ میں 116 وکٹیں شامل ہیں، جو ان کی شاندار کارکردگی کا مظہر ہیں۔