جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے خلاف 135 رنز بنا لئے
ڈربن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
ڈربن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی، جہاں ریزا ہینڈرکس 8، رسی وین ڈیر ڈوسن صفر، اور میتھیو بریٹکزے 8 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے۔
تاہم، ڈیوڈ ملر نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پروٹیز کی اننگز کو سہارا دیا۔ انہوں نے 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے محض 40 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کا اختتام شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ہوا۔
جنوبی افریقی کپتان ہینرک کلاسن 12 رنز، جبکہ ڈینوون فریرا 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹاس کے بعد گفتگو میں کلاسن نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ایک بہتر ٹارگٹ سیٹ کرے گی اور پاکستان پر دباؤ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ضروری ہے، خاص طور پر 2026 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں محمد رضوان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سفیان مقیم، اور ابرار احمد شامل ہیں۔