نوح بٹ نے 4 سو کلو گرام وزن اٹھا کر ایشین پاور لفٹنگ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا
نوح دستگیر بٹ نے اس ایونٹ میں پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا
پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اور کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ نوح بٹ نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں ہونے والی ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوران 4 سو کلو گرام وزن اٹھا کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی پاور لفٹر نے 120 کلو گرام کیٹیگری کے اسکواٹ ایونٹ میں 400 کلو گرام وزن اٹھا کر ایشیا میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔ نوح دستگیر بٹ نے اس ایونٹ میں پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس سے قبل تائیوان کے ینگ پی یو نے 380 کلو گرام وزن اٹھا کر ریکارڈ بنایا تھا۔
ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کا آغاز یکم دسمبر کو ہوا تھا اور یہ 10 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ نوح دستگیر بٹ نے بینچ پریس میں سلور میڈل بھی حاصل کیا جبکہ ڈیڈ لفٹ اور ٹوٹل میں ڈس کوالیفائی ہوگئے۔
واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے جنوبی افریقہ میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ سن سٹی میں اپنے پہلے پاور لفٹنگ مقابلے میں 370 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کے پہلے پاور لفٹنگ گولڈ میڈلسٹ کے طور پر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا۔