ژوب میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 15 خوارج ہلاک، ایک سپاہی شہید
کارروائی کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاجبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر ژوب کے علاقے سمبازہ میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عارف الرحمٰن نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔
مزید برآں تین روز قبل خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کی گئی تین کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے 22 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، تاہم ان آپریشنز کے دوران 6 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔