بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کی جوڈیشل تحقیقات کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور
9 مئی کے واقعات پر عدالتی کمیشن بنانے کی درخواست، سپریم کورٹ نے رجسٹرار کے اعتراضات ختم کر دیے
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل تحقیقات کے لیے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
بینچ نے کیس کی ابتدائی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور عمران خان کے وکیل حامد خان کے دلائل سنے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کو عوامی اہمیت کا نہ ہونے کی بنیاد پر مسترد کرنے کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت دی۔
حامد خان نے دلائل میں کہا کہ ڈیڑھ سال کا وقت گزر چکا ہے، مگر ابھی تک واضح نہیں کہ 9 مئی کو اصل میں ہوا کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد سیکڑوں مقدمات درج کیے گئے اور ایک سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ پہلے ہائیکورٹ میں کیوں نہیں اٹھایا گیا؟ جس پر حامد خان نے کہا کہ یہ کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، اسی لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا۔
دوران سماعت جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن بن بھی جاتا ہے تو وہ صرف ذمہ داری کا تعین کرے گا، اس کی رپورٹ کا فوجداری مقدمات پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
عدالت نے واضح کیا کہ ابھی صرف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کیے گئے ہیں اور میرٹ پر دلائل بعد میں سنیں جائیں گے۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔