بزنس
ٹرینڈنگ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 1400 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس 1.11 لاکھ کی حد عبور کر گیا

آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی توقع ہے،اویس اشرف

پاکستان اسٹاک ایکسچینجمیں ہفتے کے دوسرے روز 1400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار کی حد عبور کر گیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا۔ منگل کی صبح 10 بجکر 55 منٹ پر انڈیکس 1482 پوائنٹس یا 1.35 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 11 ہزار 452 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ پیر کو انڈیکس ایک لاکھ 9 ہزار 970 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ ہفتے میوچل فنڈز کی بھاری خریداری کے باعث انڈیکس میں 7697 پوائنٹس کا ریکارڈ ہفتہ وار اضافہ دیکھنے کو ملا۔ تجزیہ کاروں نے اس رجحان کو کم افراط زر اور مثبت میکرو اکنامک اشاریوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل کے مطابق مقامی فنڈز کی مسلسل خریداری اس تیزی کی بنیادی وجہ ہے، تاہم سیاسی عدم استحکام کے باعث کچھ سرمایہ کاروں نے منافع بھی حاصل کیا۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف نے کہا کہ اجناس کی قیمتوں میں کمی اور سرمایہ کاری کے دیگر مواقع کی کمی کے ساتھ مستحکم معاشی حالات نے سرمایہ کاروں کو ایکویٹی مارکیٹ کی جانب متوجہ کیا۔

اویس اشرف نے مزید کہا کہ آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی توقع ہے، جس سے مارکیٹ میں مزید استحکام آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بینکنگ سیکٹر پر دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دباؤ اس وقت تک جاری رہ سکتا ہے جب تک کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی ایڈوانس ٹو ڈپازٹ تناسب (اے ڈی آر) ٹیکس پر اپنی رپورٹ پیش نہیں کرتی۔

16 دسمبر کو ہونے والے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں مزید کمی کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button