چیمپئنز ٹرافی 2025 : پہلے ایونٹ کا پرومو جاری
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاک بھارت تنازع بدستور جاری ہے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا باضابطہ اعلان ہونے سے قبل ہی اسٹار اسپورٹس نے ٹورنامنٹ کا پرومو جاری کردیا۔
یوٹیوب پر جاری کردہ 20 سیکنڈ کے اس پرومو میں بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے ڈی کاک اور ریزا ہینڈرکس، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جوفرا آرچر، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور بھارت کے جسپریت بمرا جیسے نمایاں کھلاڑیوں کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں جلد آرہا ہے کے الفاظ بھی شامل ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ براڈکاسٹرز کے پاس بھی شیڈول کے بارے میں کوئی حتمی معلومات نہیں ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاک بھارت تنازع بدستور جاری ہے
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاک بھارت تنازع بدستور جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل کی شرط رکھ دی ہے، جس کے تحت بھارت اگر پاکستان آ کر میچز نہیں کھیلتا تو پاکستان بھی بھارت میں کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا، اور دونوں ممالک کے درمیان مقابلے نیوٹرل وینیوز پر ہوں گے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف، جو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں، نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پی سی بی کا مؤقف پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کرتا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025، جس کے میچز کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ یہ آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے کا ایک طویل عرصے بعد موقع ہوگا۔ تاہم بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کرانے کی تجویز دی ہے، جس پر پی سی بی نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے نیوٹرل وینیوز پر کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شامل ہوگا، کیونکہ 2017 میں ہونے والی آخری چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔