دلچسپ و عجیب

جاپان کی جدید ایجاد: انسانوں کو دھونے والی واشنگ مشین تیار

یہ جدید مشین جاپانی کمپنی "سائنس کو" نے تیار کی ہے، جو دیکھنے میں کسی لڑاکا طیارے کے کاک پٹ جیسی نظر آتی ہے

اگرچہ عام طور پر واشنگ مشین کا استعمال کپڑوں کو دھونے کے لیے کیا جاتا ہے، لیکن جاپان نے جدید ٹیکنالوجی کا ایک حیرت انگیز مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی واشنگ مشین تیار کی ہے جو انسانوں کی صفائی کے لیے استعمال ہوگی۔

جی ہاں، جاپان میں ایک منفرد "ہیومین واشنگ مشین” تیار کی گئی ہے، جو جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ یہ مشین انسانی جسم کا تجزیہ کرنے کے بعد "واش اینڈ ڈرائی” کے عمل کا آغاز کرتی ہے اور صرف 15 منٹ میں جسم کو صاف ستھرا کر دیتی ہے۔

یہ جدید مشین جاپانی کمپنی "سائنس کو” نے تیار کی ہے، جو دیکھنے میں کسی لڑاکا طیارے کے کاک پٹ جیسی نظر آتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مشین جلد اوساکا کنسائی ایکسپو میں پیش کی جائے گی، جہاں ایک ہزار افراد اسے آزمانے کا موقع پائیں گے۔ ایکسپو کے بعد اس مشین کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کی جائے گی۔

اس مشین کے کام کرنے کا طریقہ کار بھی منفرد ہے۔ جب کوئی فرد اس کے پلاسٹک پوڈ میں داخل ہوتا ہے، تو اس کا 50 فیصد حصہ گرم پانی سے بھر جاتا ہے۔ بعدازاں، پانی کی دھاروں کے ساتھ ایسے بلبلے پیدا ہوتے ہیں، جو پھٹنے پر طاقتور دباؤ پیدا کرتے ہیں، جس سے جلد کی گہرائیوں میں موجود مٹی اور گندگی صاف ہو جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مشین صرف جسمانی صفائی تک محدود نہیں، بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ذہن کو سکون اور تازگی بھی فراہم کرتی ہے۔ نہانے کے دوران مشین میں نصب الیکٹروڈز پانی کا درجہ حرارت برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں، اور پوڈ کے اندر ایسی ویڈیوز چلائی جاتی ہیں جو ذہنی سکون کا باعث بنتی ہیں۔

یہ منفرد ڈیزائن 1970 کی دہائی میں بھی متعارف کرایا گیا تھا، لیکن اس وقت اسے عوام کے لیے دستیاب نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم، اب کمپنی اس مشین کو عام افراد کے لیے پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ مشین کب تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی اور اس کی قیمت کیا ہوگی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button