پاکستان

شام میں باغیوں کا قبضہ، 250 پاکستانی زائرین پھنس گئے

شام ونگز کی پروازوں کا شیڈول واضح نہیں، زائرین

کراچی: شام میں باغی گروپ حیات التحریر الشام کے قبضے کے بعد سیکڑوں پاکستانی زائرین مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغیوں نے سرکاری عمارتوں اور ہوائی اڈوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کی وجہ سے شام کے ہوائی اڈے بند ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ائیرپورٹ کی بندش کی وجہ سے شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس گئے ہیں، جو اپنے وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

کنٹری ہیڈ شام ونگز، طارق سمیع اللہ نے بتایا کہ باغیوں کے قبضے کے بعد دمشق کا ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ہماری لاہور کے لیے آج کی پرواز منسوخ کرنی پڑی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 11 دسمبر کی کراچی جانے والی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کی پروازوں کا شیڈول واضح نہیں، جبکہ دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کی وجہ سے خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال ان کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button