چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر آئی سی سی اجلاس ایک بار پھر ملتوی
پاکستان کے سخت مؤقف پر بھارت کا جواب تاخیر کا شکار، چیمپئنز ٹرافی اجلاس میں پیش رفت نہ ہو سکی
دبئی: چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے ہونے والا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اہم اجلاس ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور شیڈول کے معاملات کو حتمی شکل دی جانی تھی، لیکن یہ اجلاس ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو پاکستان کے مطالبات پر اپنی حکومت سے مشاورت کے بعد جواب دینا تھا، تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے تاحال کوئی واضح موقف پیش نہ کیا جا سکا، جس کی وجہ سے آئی سی سی کو اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات آخری مراحل میں ہیں، لیکن پاکستان کی شرائط پر بھارت کے جواب کی عدم موجودگی نے اجلاس کی افادیت کو محدود کر دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آئی سی سی کے دو اجلاس بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی اور پاکستان کے سخت مؤقف کے باعث ملتوی ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی شرائط اور بھارت کے جواب نہ آنے کے باعث آئی سی سی کے اجلاس میں پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی، جس کے نتیجے میں چیمپئنز ٹرافی کے معاملات ابھی تک تعطل کا شکار ہیں۔