کھیل

بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 37 چھکے لگا کر بروڈا نے نیا سنگ میل عبور کر لیا

بھارت میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔ بروڈا کی ٹیم نے سیکیم کے خلاف میچ میں 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا اسکور کر ڈالا۔

اس سے قبل اکتوبر میں زمبابوے نے نیروبی میں گیمبیا کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے، جبکہ اس میچ میں 27 چھکوں کا ریکارڈ بھی قائم ہوا تھا۔ تاہم بروڈا کی ٹیم نے سیکیم کے خلاف میچ میں 37 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

بروڈا کی شاندار اننگز کا آغاز ششوت راوت اور ابھیمنیو سنگھ راجپوت کی 92 رنز کی اوپننگ شراکت سے ہوا۔ بھانو پانیا نے 42 گیندوں پر دھواں دار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 134 رنز کی اننگز میں 15 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ پہلی نصف سنچری انہوں نے صرف 20 گیندوں پر مکمل کی، جبکہ اگلی نصف سنچری بنانے میں مزید 22 گیندیں صرف کیں۔ پانیا کا اسٹرائیک ریٹ 262.75 رہا اور یہ ان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔

بروڈا کے شیوالک نے صرف 17 گیندوں پر 55 رنز بنائے جبکہ سولنکی نے 16 گیندوں پر 50 رنز کا دھماکا خیز اسکور کیا۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت بروڈا نہ صرف سب سے بڑا مجموعہ بنانے والی ٹیم بنی بلکہ سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

دوسری جانب، سیکیم کی ٹیم 350 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں صرف 86 رنز ہی بنا سکی۔ ان کے خلاف بروڈا کے اسپنرز کرونال پانڈیا، نیناد راٹھوا اور مہیش پاٹھیا نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5-5 وکٹیں حاصل کیں۔ بروڈا نے یہ میچ 263 رنز کے بڑے فرق سے جیت لیا، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے چوتھی سب سے بڑی فتح ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button