پاکستان ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں سہولت کاری جاری رکھے گا، دفتر خارجہ
پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ حکومتِ پاکستان ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں سہولت کاری جاری رکھے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وزیراعظم کے ڈاکٹر عافیہ کے سلسلے میں کسی ممکنہ خط کے حوالے سے ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔
ترجمان نے ہفتہ وار میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلے کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے، لیکن بھارت کی طرف سے اس سلسلے میں کسی مثبت رویے کا مظاہرہ نہیں ہو رہا۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے جائیدادیں ہتھیانے کے بھارتی اقدامات کی مذمت کی اور کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی، اور اخلاقی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق میں منظور کی جانے والی قرارداد کا خیر مقدم کیا، جس میں اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سفارتی کور سے ملاقات کی، جس میں دارالحکومت کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور غیرملکی سفیروں اور ان کے مشنز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ون واٹر کانفرنس میں شرکت کی اور آبی مسائل کے حل کے لیے چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور فرانس کے صدر کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔