معروف بھارتی اداکار کا پیسوں کیلئے جنازے میں شرکت کا اعتراف
سفید کپڑے پہن کر جنازے میں شرکت، چنکی پانڈے کا حیران کن اعتراف
بالی وڈ کے مشہور مزاحیہ اداکار چنکی پانڈے نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں پیسوں کے بدلے جنازے میں شریک ہو چکے ہیں، حالانکہ یہ حقیقت انھیں جنازے کی جگہ پہنچ کر معلوم ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چنکی پانڈے نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے کیریئر کے آغاز میں آمدنی کا بڑا ذریعہ تقریبات میں شرکت تھی۔ وہ ہمیشہ تیار رہتے تھے کہ کسی بھی دعوت پر بلایا جائے اور وہ فوراً پہنچ جائیں، چاہے وہ شادی ہو، سالگرہ ہو یا بچے کی پیدائش کی تقریب۔
اداکار نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن ایک آرگنائزر نے ان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ وہ اس وقت کیا کر رہے ہیں؟ چنکی پانڈے نے جواب دیا کہ وہ شوٹنگ پر جا رہے ہیں۔ آرگنائزر نے ان سے شوٹنگ کی جگہ دریافت کی اور کہا کہ راستے میں ایک جگہ پر 10 منٹ کے لیے سفید کپڑوں میں آ جائیں تو انھیں اس کے بدلے پیسے دیے جائیں گے۔
چنکی پانڈے نے بتایا کہ وہ بلا توقف سفید کپڑے پہن کر دی گئی جگہ پہنچ گئے۔ وہاں پہنچنے پر انھوں نے دیکھا کہ کئی لوگ سفید لباس پہنے موجود ہیں۔ ان کے وہاں پہنچتے ہی لوگوں میں سرگوشیاں شروع ہو گئیں کہ "چنکی پانڈے آ گئے ہیں۔” اداکار نے بتایا کہ وہ حیرت میں مبتلا تھے اور سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ کیا ہو رہا ہے۔
اندر پہنچنے پر جب انھوں نے جنازہ دیکھا تو انھیں اندازہ ہوا کہ یہ کسی کے انتقال کی رسم ہے۔ پہلے تو انھیں خیال آیا کہ شاید آرگنائزر کا انتقال ہو گیا ہو، لیکن جلد ہی ان کی نظر آرگنائزر پر پڑی۔ آرگنائزر نے انھیں تسلی دی اور کہا کہ ان کے پیسوں کا بندوبست ہو چکا ہے، اور مزید بتایا کہ مرحوم کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ اگر آپ روئیں گے تو آپ کو مزید رقم دی جائے گی۔