انٹرنیٹ کی بندش سے آئی ٹی انڈسٹری کو ایک گھنٹے میں کتنا نقصان ہوتا ہے؟
پاشا کا وی پی اینز پر پابندی اور انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹوں پر شدید اعتراض
انٹرنیٹ کی بندش سے آئی ٹی انڈسٹری کو ایک گھنٹے میں کتنا نقصان ہوتا ہے ، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے کہا کہ انٹرنیٹ آئی ٹی سیکٹر کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اور ایک گھنٹہ انٹرنیٹ کی بندش سے انڈسٹری کو 9 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا نقصان پہنچتا ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) قوانین کے تحت وی پی اینز پر پابندی اور انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاشا کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ نے انٹرنیٹ کی بندش اور سست رفتاری کو آئی ٹی انڈسٹری کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ آئی ٹی سیکٹر کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اور ایک گھنٹہ انٹرنیٹ کی بندش سے انڈسٹری کو 9 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا نقصان پہنچتا ہے۔
سجاد مصطفیٰ نے انکشاف کیا کہ 2023 کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی سست روی یا بندش سے 99 فیصد کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاشا نے اس مسئلے کو وزارت آئی ٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے سامنے اٹھایا، جس کے بعد پی ٹی اے نے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا ہے۔
وی پی اینز کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاشا نے وی پی اینز پر پابندی کی مخالفت کی ہے اور حکومت کو تجویز دی ہے کہ وی پی اینز کو مقامی سطح پر رجسٹرڈ کیا جائے تاکہ ان کی بہتر نگرانی کی جا سکے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فری وی پی اینز ڈیٹا سیکورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور آئی ٹی کمپنیوں نے وی پی اینز پر پابندی کے بعد بیرون ملک منتقلی کے امکانات پر غور شروع کر دیا تھا۔
سجاد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کو آئی ٹی انڈسٹری کی برانڈنگ اور ترقی میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق، آئی ٹی انڈسٹری میں ایک ڈالر کی سرمایہ کاری سے حکومت کو 49 ڈالر کی آمدنی حاصل ہوتی ہے، اور یہ شعبہ سالانہ 30 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، اور حکومت نے 7.9 ارب روپے کے آئی ٹی اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے تاکہ پاکستان بڑے بین الاقوامی مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔