ملک میں 70 ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، وزیراعظم
حالیہ دنوں میں ملک میں ہونے والے احتجاجوں کی وجہ سے ایک ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی تھی، وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں 70 ماہ بعد مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں ہونے والے احتجاجوں کی وجہ سے ایک ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی تھی اور اسلام آباد میں افراتفری کا سماں تھا۔ احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس کے اہلکار شہید ہو گئے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ احتجاج ختم ہونے کے بعد اگلے ہی دن اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی، اور مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا پاکستانی عوام کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 کے بعد مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جو غریب عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ فوج کی سرحدوں پر مکمل گرفت کے باعث سمگلنگ کا عمل زیرو ہو چکا ہے۔ چینی کی سمگلنگ نہ ہونے کی وجہ سے اس سال چینی کا بحران پیدا نہیں ہوا، اور اب حکومت نے چینی کی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت میں ایک وزیر نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے بیان دیا تھا، جس سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔