کراچی ایئر پورٹ پر روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح

کراچی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کے تحت سفر کرنے والوں کو الوداع کیا۔
کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی ایئرلائن سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سفر کرنے والے مسافروں کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔خصوصی تقریب میں سعودی سفیر کے ہمراہ سعودی چیئرمین امیگریشن اینڈ پاسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحییٰ نے بھی شرکت کی۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے بنائے گئے لاؤنج کا سعودی سفیر اور گورنر سندھ نے باقاعدہ افتتاح کیا۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سرکاری سکیم کے ذریعے حج پر جانے والے اس سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کاکہنا تھا کہ حکومت نے اس بار حج کم سے کم اخراجات میں یقینی بنایا، اس مرتبہ حج تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، حج کے تمام انتظامات کو ڈیجیٹل بنا کر حج ایپ بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا۔چودھری سالک حسین اور سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی وفد کو کراچی ایئر پورٹ پر دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، حکومت نے اس سال حج کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ایئرپورٹ پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، اس سال کراچی ایئرپورٹ کو بھی روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکام پاکستانی عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کر رہے ہیں، کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے بعد پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو پہلے ہی روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا تھا اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ روٹ ٹو مکہ کے تحت پہلی پرواز 9 مئی کو کراچی سے روانہ ہوئی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں