فضائی آلودگی: پاکستان کے سب سے آلودہ شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر
آلودہ ہوا کے باعث شہری نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں
لاہور: فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور بدستور پاکستان کے سب سے آلودہ شہر کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 303 سے 533 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
آلودہ ہوا کے باعث شہری نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ان بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
شہر میں اسموگ کنٹرول کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مارکیٹوں کو رات 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو 10 بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاہم، باربی کیو اور دیگر کھانے کے مقامات پر قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ اسموگ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ متحرک ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے موسم خشک رہے گا، جبکہ لاہور کا درجہ حرارت کم سے کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ادارہ ماحولیات پنجاب کے ترجمان ساجد بشیر کے مطابق، یکم مارچ 2024 سے اب تک 1091 اینٹوں کے بھٹوں اور 219 صنعتی یونٹس کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 9 ماہ میں پنجاب بھر میں 1283 بھٹوں اور 1339 انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کے دوران 270 دنوں میں 5566 انڈسٹریل یونٹس اور 10888 بھٹوں کو نوٹس جاری کیے گئے۔ 566 یونٹس اور 1736 بھٹوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ اب تک 25 کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔