ٹی 20: پاکستان کی شاندار فتح، زمبابوے 108 رنز پر ڈھیر
پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا
پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔
زمبابوے کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
پاکستان کے عثمان خان اور طیب طاہر نے 39، 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں جبکہ محمد عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔ 166 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح پاکستان نے میچ 57 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا 39 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے، تاہم پاکستان کے اسپنرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی کمر توڑ دی۔ نوجوان سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، اور سیریز کا دوسرا میچ 3 دسمبر اور تیسرا میچ 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
طیب طاہر کو ان کی شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایوارڈ کے بعد کہا کہ انہوں نے بیٹنگ کے دوران پوری کوشش کی کہ تمام اوورز کھیلیں، جس کے باعث پاکستان اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سہرا سب کھلاڑیوں کے سر ہے اور انہوں نے ٹیم کے تمام شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کی ٹیم میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل تھے۔
زمبابوے کی ٹیم میں کپتان سکندر رضا کے علاوہ تدیوراشے مرومانی، برین برینٹ، ڈیون میئرز، ریان بلر، کلائیو مڈنڈے، تھشنگا موسی کیوا، ولنگنٹن مساکاڈزا، رچرڈ نگواراوا، بلیسنگ مزرابانی اور ترایور وگوانڈ شامل تھے۔
یاد رہے کہ 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔