میانوالی: خوارج کا تھانے پر حملہ ناکام، پولیس مقابلے میں 4 دہشتگرد ہلاک
دہشتگردوں نے تھانے کی عمارت پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں کا استعمال کرتے ہوئے شدید حملہ کیا
میانوالی: میانوالی میں پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھانے پر ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا سے متصل تھانہ چاپری پر 20 سے زائد دہشت گردوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے تھانے کی عمارت پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں کا استعمال کرتے ہوئے شدید حملہ کیا۔
پولیس نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا، جبکہ اس دوران دو پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد ڈی پی او فاروق اختر دیگر پولیس افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
حملہ ناکام ہونے پر باقی دہشت گرد قریبی علاقوں میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ تھانہ چاپری کے عملے اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے دلیری سے کام لیا اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس کامیاب کارروائی پر میانوالی پولیس کو مبارکباد دی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملاتی رہے گی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔