پاکستان

سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

صدر مملکت آصف علی زرداری کاحادثے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار

بہاولپور: پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ علی الصبح اوچ شریف روڈ پر پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کار میں موجود افراد شدید متاثر ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا۔

مخدوم سید علی حسن گیلانی، جو سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار تھے، پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حادثے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جمہوریت اور پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سید علی حسن گیلانی کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button