کھیل

جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین شپ سنبھال لی

جے شاہ نے بطور چیئرمین اپنی ذمہ داریاں شروع کر دی ہیں، ان کے عہدے کی مدت کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، آئی سی سی

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور بھارت کی ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ جے شاہ نے بطور چیئرمین اپنی ذمہ داریاں شروع کر دی ہیں، ان کے عہدے کی مدت کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

اس موقع پر جے شاہ نے اپنے بیان میں کہاکہ آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنا میرے لیے فخر کا لمحہ ہے، میں آئی سی سی ڈائریکٹرز اور رکن بورڈز کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ کھیل کے لیے ایک پُرجوش دور ہے، ہم 2028 اولمپکس کی تیاری کر رہے ہیں اور کرکٹ کو شائقین کے لیے مزید پرکشش بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کرکٹ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ کھیل کو عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کا منتظر ہوں۔

گزشتہ دنوں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کے باعث چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع ہو سکتی ہے۔

تازہ خبروں کے مطابق، امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا تنازع جلد حل ہو جائے گا۔ امکان ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ووٹنگ سے پہلے اس معاملے پر اتفاق ہو جائے گا۔

اگر بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے ساتھ پاکستان کے پیش کردہ ماڈل کو قبول کرتا ہے، تو آئندہ تین سالوں تک بھارتی ٹیم پاکستان آکر میچ نہیں کھیلے گی، اور نہ ہی پاکستانی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی۔ اس ماڈل کوہائبرڈ ماڈل کے بجائے کسی اور نام سے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button