ریما خان کی شادی کو 13 سال مکمل، واشنگٹن میں تقریب کا انعقاد
شادی کی 13ویں سالگرہ، واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اور اہم شخصیات کی شرکت
واشنگٹن: معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان اور ان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کی شادی کو 13 سال مکمل ہو گئے۔ اس موقع پر واشنگٹن میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی طور پر بھارت کے شہر حیدرآباد سے ریما خان کے خاندانی رشتے دار شہنور خان اپنے اہلخانہ کے ساتھ شریک ہوئے۔ تقریب کی روشنیوں میں ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کے ازدواجی رشتے کی خوشیوں کو خوبصورت انداز میں منایا گیا۔
ڈاکٹر طارق شہاب نے اس موقع پر ریما خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریما نہ صرف ایک عظیم انسان ہیں بلکہ ان کی موجودگی میری زندگی کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریما خان عجز و انکساری کا نمونہ ہیں، اور میں ان کے ساتھ ازدواجی سفر کو اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔
ریما خان نے بھی اپنے شوہر کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طارق کی موجودگی میری زندگی کا سب سے قیمتی حصہ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر کووڈ کے دوران اور والد کی ہارٹ سرجری کے موقع پر طارق کے کردار کو سراہا۔ ریما نے کہا کہ میرے والد ہمیشہ طارق کی خدمات کی تعریف کرتے رہے اور انہیں دعائیں دیتے تھے۔
یاد رہے کہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب 2011 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اور تب سے یہ جوڑا اپنی محبت اور احترام کے تعلق کو مضبوطی سے قائم رکھے ہوئے ہے۔