وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا امکان، پی ٹی اے نے درخواست دیدی
وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے 30 نومبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے عمل کی تاریخ میں توسیع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت داخلہ سے درخواست کی ہے۔
پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق، روزانہ دو سو سے زائد وی پی اینز کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ اس دوران اسٹیک ہولڈرز نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ بڑھانے کی درخواست کی ہے اور اس عمل کو آسان بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے احکامات جاری کیے ہیں اور یہ وزارت داخلہ کا اختیار ہے کہ وہ اس تاریخ میں توسیع کرے۔ وزارت داخلہ نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے 30 نومبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی اور پی ٹی اے نے یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔