لائف سٹائل

پانی پینے کی عادات میں معمولی تبدیلی سے صحت کے فوائد،نئی تحقیق

پانی پینے کی عادات میں معمولی تبدیلیوں سے جسمانی وزن میں کمی، گردوں کی پتھری سے بچاؤ جیسے امراض میں واضح کمی ہو سکتی ہے، تحقیق

روزانہ 8 گلاس پانی پینے کو عمومی طور پر صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، لیکن کیا واقعی پانی پینے کے یہ فوائد صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں؟

ایک نئی طبی تحقیق نے اس سوال کا جواب فراہم کیا ہے۔

جرنل "جاما نیٹ ورک اوپن” میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ پانی پینے سے صحت پر کئی حیرت انگیز اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور اس کے لیے صرف پانی پینے کی عادات میں تھوڑی سی تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تحقیق میں 18 کلینیکل ٹرائلز کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا اور اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ تھوڑا زیادہ پانی پینے سے متعدد طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق پانی پینے کی عادات میں معمولی تبدیلیوں سے جسمانی وزن میں کمی، گردوں کی پتھری سے بچاؤ، مائیگرین، پیشاب کی نالی کی سوزش میں کمی اور ذیابیطس جیسے امراض کی شدت میں واضح کمی آ سکتی ہے۔ خاص طور پر کھانے سے پہلے 2 گلاس پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی کے عمل میں تیزی آ جاتی ہے۔

ایک کلینیکل ٹرائل میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جو کھانے سے پہلے پانی پیتے تھے، ان کا جسمانی وزن دیگر افراد کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ کم ہوا۔ اسی طرح، ذیابیطس کے مریض اگر کھانے سے پہلے پانی پیتے ہیں، تو ان کے فاسٹنگ بلڈ گلوکوز لیول میں واضح کمی آتی ہے۔

اس کا سبب یہ ہے کہ پانی پینے سے پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے، جس کی وجہ سے لوگ کم کیلوریز استعمال کرتے ہیں۔ مزید یہ کہ روزانہ زیادہ پانی پینے سے پیشاب کی نالی میں سوزش کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے، یا اس کی شدت میں کمی آ جاتی ہے۔

محققین نے یہ بھی بتایا کہ ڈی ہائیڈریشن سے گردوں کی پتھری یا پیشاب کی نالی کی سوزش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ پانی پینا ان مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button