پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم
کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئی تاریخ رقم کر دی، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا۔
جمعرات کے روز کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1210 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کر گیا۔
یہ ایک نمایاں کامیابی ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ 17 ماہ قبل اسٹاک مارکیٹ صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی۔ اس عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے غیرمعمولی ترقی دکھائی ہے۔
بدھ کے روز، تحریک انصاف کے احتجاج کے خاتمے کے بعد سیاسی بے یقینی میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ نے حیران کن طور پر 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 99 ہزار 269 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں ایک دن کے سب سے بڑے اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق، کے ایس ای 100 انڈیکس نے بدھ کو 4.73 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ پوائنٹس کے قریب ترین سطح یعنی 99 ہزار 269 پوائنٹس پر دن کا اختتام کیا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز، کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا تھا، لیکن سیاسی غیر یقینی کی وجہ سے مارکیٹ دوپہر کے بعد گراوٹ کا شکار ہوئی۔ کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس میں 3 ہزار 505 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی۔