اگر اچھا شریک حیات مل جائے تو عمر کی پرواہ نہ کریں، مریم نفیس کا مشورہ
ہر انسان ہر کسی کا دوست نہیں ہوسکتا، مقبول اداکارہ مریم نفیس کی پروگرام میں گفتگو
لاہور: مقبول اداکارہ مریم نفیس نے کہا ہے کہ ان کے نزدیک عمر کی پرواہ کیے بغیر، اگر کوئی صحیح ساتھی مل جائے تو شادی کرلینی چاہیے۔
حال ہی میں مزاحیہ پروگرام "گپ شب” میں شرکت کرتے ہوئے، مریم نفیس نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں ان کے بہت کم دوست ہیں اور یہ دوست وہی ہیں جو پہلے سے ان کے زندگی کا حصہ تھے۔
مریم نفیس نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں یہ سیکھا ہے کہ ہر انسان ہر کسی کا دوست نہیں ہوسکتا، بلکہ بعض اوقات کسی کے ساتھ تعلقات تو ہو سکتے ہیں مگر وہ دوستی میں تبدیل نہیں ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ شوبز میں کام کرنے والے تمام افراد آپ کے دوست ہوں، بلکہ وہ اچھے ساتھی ہو سکتے ہیں لیکن دوست نہیں بن سکتے۔
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں خاندان یا سچی دوستی کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب دکھاوا ہوتا ہے جو تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق، شوبز میں ان کے چند دوست ہیں جو پہلے سے ان کے دوست تھے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نفیس نے بتایا کہ ماضی میں انہیں ایک فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تھی اور انہوں نے اس کی حامی بھی بھری تھی، لیکن کورونا کی وجہ سے وہ فلم مکمل نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب انہیں فلم میں کام کی پیشکش ہوگی تو وہ ضرور کریں گی اور ان کی خواہش ہے کہ انہیں کامیڈی کردار ملیں۔
اداکارہ نے ایک سوال پر بتایا کہ ان کے شوہر ان سے زیادہ خرچ کرتے ہیں اور یہ بھی کہا کہ وہ نہیں بلکہ شوہر ان سے ڈرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر مرد اپنی بیویوں سے ڈرتے ہیں اور جب انہوں نے اپنے دوستوں سے اس بارے میں پوچھا تو مردوں کا جواب تھا کہ وہ بیویوں کے ڈراموں سے بچنے کے لیے پہلے ہی ڈر جاتے ہیں۔
مریم نفیس نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ اگر آپ کو صحیح ساتھی مل جائے تو عمر کی پرواہ کیے بغیر شادی کرلینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے شریک حیات کے ملنے پر عمر کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے۔ اداکارہ کے مطابق، غلط جگہ پر شادی کرنا صرف جسمانی نہیں بلکہ جذباتی اور نفسیاتی مسائل بھی پیدا کرتا ہے، اس لیے انسان کو سوچ سمجھ کر اور اپنے پسندیدہ شخص سے ہی شادی کرنی چاہیے۔