ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی شاندار کارکردگی پر ٹیم کو شاباش دی
ڈیرہ غازی خان: پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا کی سرحدی چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر 25 سے 30 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں اچانک حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، تاہم پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی۔
مشین گنز اور مارٹر گنز سے پولیس کے جوانوں نے دلیرانہ دفاع کیا۔ رینجرز، ایلیٹ فورس، اور سی ٹی ڈی کی مدد سے یہ حملہ پسپا کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو بھاری نقصان ہوا، جس کے بعد وہ فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
آپریشن کی قیادت آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔ پہلے سے ہائی الرٹ چیک پوسٹس اور مؤثر حکمت عملی کی بدولت یہ حملہ ناکام بنایا جا سکا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی شاندار کارکردگی پر ٹیم کو شاباش دی اور اس کامیابی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کا ثمر قرار دیا۔