عراقی وزیر اعظم اور سعودی ٹیک ڈپلومیٹ کی ملاقات
عراقی معیشت کے استحکام کے لیے ڈیجیٹل ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت
ریاض : سعودی عرب کی ٹیک ڈپلومیٹ اور ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکریٹری جنرل دیمہ بنت یحییٰ الیحی نے عراقی وزیر اعظم محمد السوڈانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں عراق میں ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں میں تعاون کا معاملہ سرفہرست رہا۔
بات چیت کے دوران ڈیجیٹل ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جن کا مقصد مصنوعی ذہانت کو فروغ دینا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ عراقی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کی جا سکے۔
یہ ملاقات عراق اور سعودی عرب کے درمیان تکنیکی اور ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس کے ذریعے خطے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے اس وقت عراق اقتصادی ترقی و استحکام کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔رواں ماہ عراقی ڈیجیٹل سپیس فورم کا انعقاد بھی کیا گیا جومعیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ عراق کی جانب سے انسانی سرمایہ کاری کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنایا جائے۔عراقی وزیر اعظم نے اس بات کی یقین دہانی کی کہ ان کی حکومت ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں اور اس کےلیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل نے عراق میں ہونے والی ڈیجیٹل ترقی کو سراہتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے کو عراقی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔واضح رہے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 16 ہے ان ممالک میں 800 ملین کی آبادی ہے جن میں سے 75 فیصد کی عمر 35 برس سے کم ہے۔