کھیل

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

صائم ایوب کی شاندار سنچری، پاکستان کا 146 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرلیا

پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بلاوایو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی بالرز کی شاندار کارکردگی کے باعث زمبابوے کی ٹیم صرف 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اننگز کے آغاز میں زمبابوے کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد ابرار، جو ون ڈے ڈیبیو کر رہے تھے، نے ابتدا میں ہی دومہمان بلے بازوں، توانڈاناشے مارومانی (4 رنز) اور جویلورڈ گمبی (5 رنز)، کو آؤٹ کر دیا۔ ڈیون مائرز 33، کپتان کریگ اروِن 18، اور سین ولیمز 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سکندر رضا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد ابرار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان علی آغا نے 3، جبکہ فیصل اکرم اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے 146 رنز کے ہدف کا تعاقب انتہائی آسانی سے کیا۔ صائم ایوب کی زبردست سنچری (113 ناٹ آؤٹ) اور عبداللہ شفیق کے 32 ناٹ آؤٹ رنز کی بدولت قومی ٹیم نے یہ ہدف صرف 19 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

دوسرے میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، حسیب اللہ خان کی جگہ طیب طاہر اور محمد حسنین کی جگہ محمد ابرار کو موقع دیا گیا۔ دوسری جانب زمبابوے نے اپنی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button