بیلاروس کے صدر کا دورہ پاکستان، وزیراعظم کا شاندار استقبال
بیلاروس کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی، وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد: بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیر اعظم ہاؤس کے احاطے میں صدر لوکاشینکو نے ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ رات صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اور مسلح افواج کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
پاکستان اور بیلاروس کی قیادت دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ آج صدر لوکاشینکو کی وزیر اعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور تجارتی روڈ میپ پر تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ متعدد معاہدوں پر دستخط کی بھی توقع کی جارہی ہے۔