پی ٹی آئی کے احتجاج میں گرفتاریاں، سی آئی اے اسلام آباد بلڈنگ سب جیل قرار
اس بلڈنگ کو آرٹیکل پرزنرز ایکٹ 1894 کی سکیشن 3 کے تحت سب جیل قرار دیا گیا ، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد کی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے احتجاج اور گرفتاریوں کے پیش نظر سی آئی اے بلڈنگ آئی نائن کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو وہاں رکھنے کا انتظام کرنا ہے جو حالیہ احتجاج میں گرفتار ہوئے ہیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ اس بلڈنگ کو آرٹیکل پرزنرز ایکٹ 1894 کی سکیشن 3 کے تحت سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر اس سب جیل کی منظوری وزارت قانون اور پارلیمانی امور نے دی ہے۔
اس سب جیل میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کو رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد میں مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان احتجاج کے لیے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، اور بعض قافلے شہر کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب، حکومت نے تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے تمام تعلیمی ادارے آج بند ہیں، جبکہ جڑواں شہروں میں دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج یا ریلی نکالنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں فیض آباد کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا ہے، اور مری روڈ پر ڈبل روڈ کے مقام پر ٹرک کھڑے کر کے فیض آباد جانے والے راستے کو بھی بند کر رکھا ہے، جس کے باعث شہریوں کو کام کاج کے لیے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔