پاکستان

بیلاروس کے صدر تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر کی اہم ملاقات متوقع

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اس اہم دورے کے دوران وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کے دورے کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

اس دورے سے قبل بیلاروس کا ایک اعلیٰ سطحی 68 رکنی وفد اتوار کے روز اسلام آباد پہنچا تھا۔ اس وفد میں بیلاروس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات، اور ملٹری انڈسٹری کمیٹی کے سربراہ شامل تھے۔ علاوہ ازیں، بیلاروس کی 43 نمایاں کاروباری شخصیات بھی اس وفد کا حصہ تھیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب تحریک انصاف نے اپنے احتجاج کی فائنل کال دی ہوئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈ زون کو سخت حفاظتی انتظامات کے تحت سیل کردیا گیا ہے تاکہ مظاہرین کے داخلے کو روکا جا سکے۔

وفد کے استقبال کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تمام مظاہرین کو گرفتار کیا جائے گا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے تحریک انصاف کو عوام کو درپیش مشکلات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں اور ان کی املاک کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button