بزنس
ٹرینڈنگ

اپوزیشن کے احتجاج سے ملکی معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، وزیر خزانہ

غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے کی وجہ سے مزید 3 ارب روپے کا خسارہ ہو رہا ہے، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے جاری احتجاج سے ملکی معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جس کی یومیہ مالیت 190 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی کو روزانہ 144 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں ہونے والے نقصانات اس کے علاوہ ہیں۔ برآمدات میں کمی کے باعث یومیہ 26 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، اور غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے کی وجہ سے مزید 3 ارب روپے کا خسارہ ہو رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ یہ صرف وفاقی سطح پر ہونے والے نقصانات ہیں، جبکہ صوبوں کو ہونے والے نقصانات ان اعداد و شمار سے بھی زیادہ ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے لیے تحریک انصاف کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پنجاب سے ہوتا ہوا اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔

احتجاج کے دوران متعدد کارکنان کی گرفتاری، آنسو گیس کے استعمال اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے اہم راستوں پر پولیس، رینجرز، اور ایف سی کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہے۔ جی ٹی روڈ، موٹرویز، اور دیگر مرکزی شاہراہوں پر کنٹینرز لگا کر ٹریفک معطل کی گئی ہے، جبکہ مظاہرین کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button