پاکستان
ٹانک میں دہشت گردوں کا حملہ: 5 پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی
حملہ اچانک ہوا جب دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا
ٹانک: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں گل امام پولیس چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ اچانک ہوا جب دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے دوران ایک عام شہری، جو ڈرائیور بتایا جاتا ہے اور جائے حادثہ کے قریب موجود تھا، بھی زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہری کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈیرہ اسمٰعیل خان ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آگئے اور موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ حکام کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کو جلد پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔