کھجور سے تیار مشروب ’میلاف کولا‘ لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل
سعودی کمپنی ’تراث المدینہ‘ نے کھجور سے مشروب تیار کر کے نیا قدم اٹھایا
ریاض: سعودی عرب کی کمپنی نے کھجور سے ایک نیا مشروب تیار کر لیا ہے اور اس کے باقاعدہ افتتاح کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیتی کمپنی ’تراث المدینہ‘ نے کھجور سے تیار ہونے والے مشروب ’میلاف کولا‘ کے لانچ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اس مشروب کا تعارف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری کھجور میلے کے دوران وزیر وزارعت عبدالرحمان الفضلی اور کمپنی کے سی ای او بندر القحطانی کی موجودگی میں کرایا گیا۔
کمپنی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کھجور سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات بھی جلد ہی مارکیٹ میں پیش کی جائیں گی۔ ’میلاف کولا‘ کی تیاری میں انٹرنیشنل فوڈ اسٹینڈرڈز کے تمام قواعد و ضوابط کو مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سرمائے سے جولائی 2023 میں ’سوانی‘ کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد اونٹنی کے دودھ سے مختلف مصنوعات کی تیاری اور ان کی مارکیٹنگ کرنا تھا۔